18 فروری ، 2015
پیرس........رضا چوہدری........پاکستان اورسیز سطح پر پاکستان تحریک انصاف کے اکثر رہنمائوں اور تنظیموں نے پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی طرف سے جنگ اور جیو کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس طرح اورسیز سطح پر صحافیوں کی اکثریت نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کور کمیٹی کی طرف سے جنگ اور جیو کے ساتھ بائیکاٹ ختم کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شق نہیں ہے کہ اورسیز سطح پر پاکستان تحریک انصاف ایک منظم مستحکم اور بڑی جماعت ہے یہی وجہ ہے کہ اورسیز سطح پر پی ٹی آئی تنظیموں اور بعض عہدیداروں کی طرف سے پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق بائیکاٹ جاری رکھا۔ مگر صحافیوں نے اس کے باوجود صحافتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تقریبات کی باقائدہ کوریج جاری رکھی اور جیو ٹی وی اور جنگ گروپ نے اپنی اعلیٰ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اسلام آباد دھرنوں اور پارٹی کے چیرمین عمران خان سمیت تمام رہنمائوں کی پریس کانفرنسوں کو مکمل کوریج دی۔ اس فیصلہ کے بعد پاکستان تحریک انصاف فرانس کے بنیادی اور نظریاتی رہنماؤں خان یاسر خان اور سرگرم راہنما راجہ طاہر محمود نے پیرس میں جیو اور جنگ کی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا اور اپنی پارٹی کی قیادت کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا، اس موقع پر صحافی مہر راحیل بھی موجود تھے۔