کاروبار
18 فروری ، 2015

قطر پاکستان کو ایل این جی پندرہ برس تک فراہم کرے گا

قطر پاکستان کو ایل این جی پندرہ برس تک فراہم کرے گا

کراچی.......رفیق مانگٹ........ امریکی اخبار”وال اسٹریٹ جرنل “ کے مطابق پاکستان قطر سے تقریباً 23کھرب روپے کی مائع گیس درآمد کے طویل مدتی معاہدے کو حتمی شکل دے رہا ہے۔معاہدے کے تحت قطر پاکستان کو 22 اعشاریہ 5 ارب ڈالر مالیت کی ایل این جی پندرہ برس تک فراہم کرے گا۔پاکستانی حکام کا کہنا ہے قطر کے ساتھ معاہدہ مارچ کے اوائل تک متوقع ہے۔ پاکستان نے ایل این جی سے3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مائع گیس کی درآمد کا مقصد بجلی گھروں کو ایندھن فراہم کرنا ہے جس سے بجلی کے سنگین بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ماہرین کے مطابق قطر سے ممکنہ طور پر ساڑھے22ارب ڈالر سے زائد مالیت کا یہ ایک طویل مدتی سودا ہے۔پاکستان کے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے امریکی اخبار سے انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم قطر اور چند دیگر ذرائع کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، سودا بہت مسابقتی اور پاکستان کے لیے فائدہ مند ہو گا۔ معاہدے کے تحت قطر پندرہ برس تک ایل این جی فراہم کرے گا جب کہ سالانہ تیس لاکھ ٹن ایل این کی درآمد کی جائے گی جو رواں برس سے شروع ہو جائے گی۔پاکستان کی ایل این جی کی مجموعی درآمد تین سال کے اندر تقریباً7 ملین ٹن سالانہ اضافے کی توقع ہے۔تاہم یہ واضح نہیں کہ قطر سالانہ زیادہ سے زیادہ کتنی مقدار میں فراہم کرسکتا ہے۔موجودہ تیل اور گیس کی عالمی قیمتوں کے مطابق ایل این جی کی 3 ملین ٹن درآمد پر سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالرلاگت آئے گی اور پندرہ برس میں 22عشاریہ پانچ ارب ڈالر ہو گی۔تیل کی قیمتوں میں اتارچڑھاوایل این جی کی قیمتوں پر بھی لاگو ہوگا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ توانائی کے بحران کی وجہ درآمدی فرنس آئل اور ڈیزل ہے جو کہ نسبتاً مہنگا ایندھن ہے ، اس کے متبادل پرایل این جی زیادہ موثر اور ماحول کے لئے صاف ستھری ہے،یہ ہماری توانائی مکس میں بڑی تبدیلی ہے، 3 لاکھ ٹن ایل این جی کی درآمد پرسالانہ 300 ملین ڈالر کی بچت ہوگی۔ایل این جی کے استعمال سے توانائی میں سات سے نو فی صد اضافہ ہوجائے گا۔اس معاہدے سے پاکستان پہلی بار گیس درآمد کرے گااور یہ سب سے بڑا مالی معاہدہ ہوگا۔ پاکستان ایل این جی کی درآمد کے لئے دیگر ممالک جن میں برونائی،ملائشیاء اور چین ہیں ان سے قلیل مدتی معاہدے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔

مزید خبریں :