23 فروری ، 2015
اسلام آباد .....ملک بھر میں سردی کی شدت بتدریج کم ہورہی ہے۔محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ آج رات سے مختلف میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا جو بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ملک بھر میں سردی کی شدت کم ہورہی ہے تاہم بالائی علاقوں میں کہیں کہیں اب بھی سردی کی شدت پوری طرح برقرار ہے۔ گلگت بلتستان کے ضلع استور میں شہری علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت ایک بار پھر بڑھ گئی ،راستوں کی بندش سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بلوچستان کے اکثر علاقوں، جنوبی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے ملک کے اکثر علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا ،جو بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔