23 فروری ، 2015
اسلام آباد .....وزیراعظم نوازشریف نے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کیلئے چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے معاملے پر سخت تشویش کا اطہار کیا جس پر وزیراعظم نے اس عمل کی روک تھام کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیدیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈننگ روکنے کیلئے آئینی ترامیم لانا پڑی تولائیں گے۔اجلاس میں وزیراعظم نے امن و امان کی صورت حال سمیت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے امور پر غورکیاگیا۔ رانا بھگوان داس کی انتقال پرکابینہ اجلاس میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔ ترجمان پرائم منسٹرہاوس کےمطابق وفاقی کابینہ کےاجلاس میں رانا بھگوان داس کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیر اعظم نے رانا بھگوان داس کی بطور جج خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھاکہ رانا بھگوان داس دیانت دار اور جمہوریت و قانون کی عمل داری پر یقین رکھتے تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کےاجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری سمیت توانائی کے دیگر منصوبوں کی منظوری دیے جانے کاامکان ہے ۔ اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف جاری فیصلہ کن کارروائیوں کے امور بھی غورکیاگیا۔