02 مئی ، 2012
اسلام آباد … صدر اور وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاک امریکا تعلقات، نیٹو سپلائی کی بحالی، پارلیمانی سفارشات کے باوجود امریکی ڈرون حملے اور ملکی سلامتی سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی ہے۔ ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، امریکا میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاک امریکا تعلقات، نیٹو سپلائی کی بحالی، حالیہ سہ فریقی کانفرنس کے نتائج اور پارلیمنٹ کی سفارشات کے بعد امریکی ڈرون حملے سے متعلق امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں رواں ماہ شکاگو میں ہونے والی نیٹو سمٹ میں شرکت، ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور خطے کے امور پر بھی تبادلہٴ خیال ہوا۔ اجلاس کے دوران گیاری میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن پر بریفنگ بھی دی گئی۔