02 مئی ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ نے قومی حج پالیسی 2012ء کے تحت ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ کی الاٹمنٹ روک دی۔ عدالتی حکم امتناعی سے 700سے زیادہ ٹور آپریٹروں کو حج کوٹہ کی الاٹمنٹ نہیں ہو سکے گی۔ لاہور ہائی کورٹ نے حج کوٹہ کے حوالے سے درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ پرانے ٹور آپریٹرز کو دوبارہ حج کوٹہ کی الاٹمنٹ نئی حج پالیسی کے منافی ہے، نئے پرانے تمام ٹور آپریٹرز کو میرٹ کے مطابق حج کوٹہ الاٹ کیا جانا چاہئے۔ عدالت کے روبرو ٹور آپریٹرز کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موٴقف اختیار کیا کہ نئی حج پالیسی میں وزارت مذہبی امور نے ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر کوٹہ الاٹ کیا۔ عدالت نے درخواست پر کارروائی 9 مئی تک ملتوی کر دی۔