27 فروری ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر خدمت خلق فائونڈیشن کے تحت لانڈھی کارڈیک ایمر جنسی سینٹر میں کے کے ایف فارمیسی اور لیبارٹری کلیکشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج اور چیف ٹرسٹی کے کے ایف ڈاکٹر نصرت شوکت نے افتتاح کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،واسع جلیل ،قمر منصور،کے کے ایف کے ٹرسٹی سینیٹر احمد علی،کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر وقار کاظمی،حق پرست اراکین اسمبلی آصف حسنین ،ڈاکٹرصغیر احمد، سیدخالد افتخار،وقار حسین شاہ سمیت میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج و اراکین بھی موجو دتھے۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج پاکستان کو قائم ہوئے 66 سال سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے اور اس دوران بہت سے امتحانات اور مشکلات آئیں لیکن اس کے باوجود ہم ایک قوم نہیں بن سکے کیونکہ ہم اپنا قبلہ درست کرنا نہیں چاہتے، الطاف حسین نے پہلے خدمت کرکے دکھائی اور پھر سیاست میں قدم رکھا ،فارمیسی اور لیبارٹری کاقیام ہماری سیاسی تربیت میں شامل ہے کیونکہ انسانی خدمت کا درس ہماری بنیاد ہے، حق پرست نمائندے محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت میں مصرو ف عمل ہیں ،جو شہر دن رات جاگ کر ملک کو 70فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے افسوس کی بات یہ ہے کہ یہاں اسے ہی وسائل سے محروم رکھ کر محکوم بنانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے باوجود خدمت خلق فائونڈیشن انسانی خدمت کے کاموں میں دن رات کوشاں ہے۔تقریب سے ا راکین سندھ اسمبلی ڈاکٹر صغیر احمد،خالد افتخار،کے کے ایف کے ٹرسٹی سینیٹر احمد علی ، ڈاکٹر وقار کاظمینے خطاب کیا۔