27 فروری ، 2015
کراچی......سیدمحمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر......پاکستان بھر کے تعلیمی بورڈز کے سبراہوں کی کمیٹی( آئی بی سی سی) نے جعلی مارکس شیٹ کی روک تھام کے لئے انھیں پاکستان پرنٹنگ پریس سے چھپوانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ادیب، عالم اور فاضل کی اسناد کو میٹرک اور انٹر کے مساوی قرار دینے کیلئے انگریزی، مطالعہ پاکستان اور اسلامیات کے امتحان میں شرکت لازمی قرار دیدی ہے اور ان اسناد کو کسی بھی تعلیمی بورڈ سے میٹرک یا انٹر کے مساوی کرانے کیلئے مذکورہ پرچوں کے امتحان سے مشروط کر دیا گیا ہے اس بات کا فیصلہ جمعہ کو ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کی کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں کیاگیا۔ جس کی میزبانی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے کی جب کہ صدارت سندھ آئی بی سی سی کے چیئرمین اور انٹر بورڈ کراچی کے سربراہ پروفیسر انوار احمد زئی نے کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ادیب کی سند کو میٹرک کے مساوی قرار دیئے جانے کیلئے امیدوار کو متعلقہ تعلیمی بورڈز سے انگریزی، مطالعہ پاکستان اور اسلامیات کا امتحان دینا لازمی ہو گا جبکہ عالم اور فاضل کی اسناد کو انٹر کے مساوی قرار دینے کیلئے امیدوار کو انگریزی اور اسلامیات کا امتحان دینا لازمی ہو گا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے تحت جاری ہونے والی مارک شیٹس کو اسناد کی طرز پر پاکستان پرنٹنگ پریس سے چھپوانے کی سفارش بھی کی گئی اور طے کیا گیا کہ اس سلسلے میں مزید پیش رفت کیلئے چاروں صوبے اپنی سی او سی کمیٹی آف چیئرمینز سے اس سفارش پر فیصلہ اور منظوری لیں گے جس کا مقصد جعلی مارک شیٹس کے اجرا کی روک تھام ہے۔ اجلاس میں آئی بی سی سی کے تحت اسناد کے مساوی قرار دیئے جانے کیلئے قائم نظام کو مزید سہل بنانے پر بھی غور کیا گیا ہے اور کہا گیا کہ آئندہ ارجنٹ بنیادوں پر اسناد 10روز میں جبکہ آرڈنری بنیادوں پر اسناد 15سے20روز میں جاری کر دی جائیں۔ علاوہ ازیں آئی بی سی سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ کیلئے آئندہ ہونے والا ٹینٹ سمر کیمپ ایبٹ آباد منعقد ہو گا۔ مزید براں طے کیا گیا کہ ملکی سطح پر قائم کھیلوں کے اسپورٹس بورڈز سے کہا جائے گا کہ تعلیمی بورڈز کے تحت کھیلوں کی سرگرمیوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو تربیت فراہم کی جائے ان کیلئے تربیتی کیمپس قائم کئے جائیں تاکہ وہ ملکی سطح پر ہونے والی کھیلوں کی سرگرمیوں اور قومی ٹیم میں جگہ حاصل کر سکیں۔ دریں اثنا انوی تعلیمی بورڈ کراچی نے شہر میں منعقد ہونے والے ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کی کمیٹی آئی بی سی سی کے اجلاس میں ذرائع ابلاغ کو شرکت سے روک دیا۔ اجلاس کی کوریج کیلئے جانے والے ذرائع ابلاغ کے بعض نمائندوں سے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی عملے نے ناشائستہ رویہ اختیار کیا اور انہیں سندھ کے مختلف اضلاع سمیت دیگر صوبوں سے آنے والے چیئرمینز سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ بعض چیئرمینز کی خواہش کے باوجود انہیں میڈیا بریفنگ سے روکے رکھا گیا۔