پاکستان
27 فروری ، 2015

مسلسل فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ گھناؤنی سازش کاحصہ ہیں ،رابطہ کمیٹی

مسلسل فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ گھناؤنی سازش کاحصہ ہیں ،رابطہ کمیٹی

کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میںفرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدرد وںسمیت دیگرافرادکے جاں بحق اورزخمی ہونے کے واقعات کی شدیدمذمت کرتے ہوئے ان پراپنی گہری تشویش کااظہارکیاہے۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بعض عناصر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی میں فرقہ وارانہ فسادکی آگ بھڑکانے کیلئے کافی عرصہ سے سازشیںکررہے ہیں،اسی سازش کے تحت ماضی میںبھی شیعہ اورسنی علماء،ڈاکٹرز، پروفیسرزاوردیگرشعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادکی ٹارگٹ کلنگ کی گئی اوراب بھی ان واقعات کاسلسلہ جاری ہے ۔آج ایک طرف اورنگی ٹاؤن میں دواہل تشیع نوجوانوں محمدسلیم اصغر اورعلی حیدرزیدی کونشانہ بنایاگیاجن میں سے محمدسلیم ایم کیوایم کے کارکن ہیں ، جبکہ دوسری جانب کراچی کے دیگرعلاقوں میں سنی فقہ سے تعلق رکھنے والے افرادکونشانہ بنایاگیا۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ تسلسل کے ساتھ ہونے والے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے یہ واقعات اسی گھناؤنی سازش کاحصہ ہیں جس کامقصد کراچی میں فرقہ وارانہ فساد کی آگ بھڑکانا اورکراچی کے عوام کوماضی کی طرح فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرکے ان کے اتحادکوکمزورکرناہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سازش کوسمجھیں ، صبرو برداشت سے کام لیں اور اپنے اتحادسے اس گھناؤنی سازش کوناکام بنادیں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں فرقہ وارانہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیاں کراچی میں ماضی کے مقابلے میں بہت بڑھ گئی ہیںجس کے ساتھ شہرمیں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگز کے واقعات میں بھی اضافہ ہوگیاہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہم وزیراعظم نوازشریف کی اس بات کی تائید کرتے ہیںکہ بندوق صرف ریاست کے پاس ہونی چاہیے اورجو عناصر بندوق کےزورپر لوگوںکاقتل کریںان کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹاجائے گاتوپھرہمارا سوال یہ ہے کہ کیا فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کرنے والے یہ عناصر ریاست سے زیادہ طاقتورہیں کہ وہ اس طرح کھل کر کارروائیاں کررہے ہیں؟آخران کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاکیوں نہیں جارہاہے؟ رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگز کرنے والے ان دہشت گردوںکے خلاف سخت کارروائی کی جائے،اورانہیں گرفتارکیا جائے ۔

مزید خبریں :