02 مئی ، 2012
کابل … امریکی صدر بارک اوباما نے اسامہ بن لادن کو مارنے کیلئے ایبٹ آباد آپریشن کو اپنے دور صدارت کا اہم ترین دن قرار دیا ہے۔ امریکی صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد آپریشن کیلئے رسک لیا گیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس آپریشن کا امریکی خاتون اول مشل اوباما سمیت کئی امریکی حکام کوعلم نہ تھا۔ امریکی صدرنے واضح کیا کہ ایبٹ آباد آپریشن کی پریس میں ذرا سی بھنک بھی اسامہ کو وہاں سے بھگا دیتی۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد آپریشن کے فوائد اور نقصانات سے ہر کوئی آگاہ تھا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ایبٹ آباد آپریشن کی ناکامی کی صورت میں خطے کی جغرافیائی سیاست میں خطرناک نتائج سامنے آتے جبکہ بالخصوص وہاں موجود امریکی سیلز کی جانوں کو شدید خطرہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اسامہ کیخلاف آپریشن والا دن کوئی عام دن نہیں تھا، اگلے دن ساتھیوں کو بتایاکہ ہم نے آپریشن کا فیصلہ کیا ہے، ممکنہ طور پر بہترین فیصلہ کرنا سکون کا باعث ہوتا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں عبادت اور دعاہی کی جاتی ہے، اپنی بیوی کو بھی ایبٹ آبادمیں آپریشن کانہیں بتایا تھا۔