پاکستان
01 مارچ ، 2015

اراکین رابطہ کمیٹی کا لانڈھی میں زیر تعمیر میڈیکل کالج وسرد خانے کا دورہ

 اراکین رابطہ کمیٹی کا لانڈھی میں زیر تعمیر میڈیکل کالج وسرد خانے کا دورہ

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج ڈاکٹر نصرت شوکت و اراکین رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،واسع جلیل اورقمر منصور نے حق پرست ارکان اسمبلی کے ہمراہ لانڈھی36B میں زیر تعمیر لانڈھی میڈیکل کالج اور بابر مارکیٹ لانڈھی میں خدمت خلق فائونڈیشن کے تحت چلنے والے سرد خانے کا دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر رابطہ کمیٹی نے زیر تعمیر میڈیکل کالج کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پرزور دیا تاکہ وہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء بہتر طور پر تعلیم حاصل کرسکیں اور ایک بہترین طالب علم کی حیثیت سے ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔ دریں اثنامتحدہ قومی موومنٹ کے شہید کارکن سلیم اصغرکی نماز جنازہ کالی پہاڑی گراؤنڈ سیکٹر 1/Aاورنگی ٹاؤن میں ادا کرنے کے بعد شہید کو نو ر علی شاہ قبرستان سیکٹر8/Lمیں آہوں اور سسکیوں کے درمیا ن سپرد خاک کر دیا گیا ۔ نماز جنازہ میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب، ایم کیوا یم پنجاب کے صدر میاں عتیق ،حق پرست ارکان اسمبلی ،مقامی سیکٹر و یونٹس کے ذمہ داران ، کارکنان اور اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے شہید کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے دوروزقبل کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے اورنگی ٹاؤن سیکٹرکے کارکن محمدسلیم اصغرکی شہادت پردلی افسوس کااظہارکرتے ہوئے وفاقی وصوبائی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ اورنگی ٹاؤن میں کارکنوں اورایک مخصوص مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کونشانہ بنانے والے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کوگرفتارکیا جائے ۔ اپنے ایک بیان میںرابطہ کمیٹی نے کہاکہ اورنگی ٹاؤن کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کاگڑھ بنتاجارہاہے۔لیکن حکومت کے اعلیٰ حکام کوبارباراس صورتحال سے آگاہ کرنے کے باوجود دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔حکمرانوںکویہ بندوق برداردہشت گرد کیوں نظرنہیں آرہے ؟آخران دہشت گردوں کے خلاف قانون کب حرکت میں آئے گا؟رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نوازشریف ،آرمی چیف،جنرل راحیل شریف، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اوروزیراعلیٰ قائم علی شاہ سےمطالبہ کیاکہ سلیم اصغرشہید، علی حیدرزیدی شہید اور دیگرکے قاتلوںکوفی الفورگرفتارکیاجائے اورانہیں قانون کے مطابق سخت سزادی جائے ۔

مزید خبریں :