پاکستان
01 مارچ ، 2015

اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہیںفوری ادا کی جائیں، رابطہ کمیٹی

کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اسٹیل ملز میں اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد نے اپنی ناقص پالیسیوں اور ذاتی مفاد ات کو پورا کرنے کیلئے پاکستان اسٹیل ملز کے انتہائی اہم ادارے کو تباہ کر دیا ہے، اسٹیل ملز میں ملازمین دیانتداری و محنت سے اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں لیکن محنت کے صلے میں انہیں تنخواہوں کی ادائیگی بروقت نہیں کی جارہی اور ملازمین اپنی تنخواہوں کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے کسی امدادی پیکج کا مہینوں انتظار کرتے ہیں اور اس پیکج سے موصول ہونیوالی رقم سے اسٹیل ملز کے ملازمین کو تنخواہیں فراہم کی جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز سمیت دیگر کئی ادارے اسی صورتحال سے دوچار ہیں اور غریب ملازمین کا گزر بسر مشکل اور انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے اپنی تنخواہوں سے محروم پاکستان اسٹیل ملزکے ملازمین کو تنخواہوں کی فوری و بروقت ادائیگی کیلئے احکامات جاری کریں ۔علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے صوبائی تنظیمی کمیٹی کشمیر، خیبر پختونخوا کے رکن ڈاکٹر نوبت خان کے والد سید عالم ،خیبر پختونخواہ زون ڈی آئی خان کے جوائنٹ زونل انچارج رانا شعیب کے والد ولی محمد ، ایم کیوایم شعبہ خواتین لیاقت آباد کی کارکن شاہین کے بھائی اعظم علی سلطانی اور کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی سیکٹر آئی لینڈ یونٹ بھٹ شاہ کے کارکن عبد الرحیم کی اہلیہ سلمیٰ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔ (آمین)

مزید خبریں :