پاکستان
02 مارچ ، 2015

عمران عباس اورثاقب کا قتل: الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کی مذمت

عمران عباس اورثاقب کا قتل: الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کی مذمت

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیو ایم ملیر سیکٹر کے کارکن سید عمران عباس رضوی اور کورنگی سیکٹر کے کارکن ثاقب کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعے کو ایم کیو ایم دشمنی اور شہر کا امن تباہ کرنے کی گھنائونی سازش قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انھوں نے شہید ہونے والے کارکنان کے اہل ِ خانہ سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداٗ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔(آمین)۔دریں اثنا شہید ہونے والےکورنگی سیکٹرکے کارکن ثاقب کو چکرا گوٹھ قبرستان اور ملیر سیکٹرکے کارکن سید عمران عباس رضوی کو ماڈل کالونی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردخاک کردیا گیا ۔ نماز جنازہ میں رابطہ کمیٹی کے ارکان عبد الحسیب اور عارف خان ایڈوکیٹ ،حق پرست اراکین اسمبلی،سیکٹرز و یونٹ کے ذمہ داران ،کارکنان شہیدوں کے اہلِ خانہ سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعدادمیں شرکت کی،اور شہیدوں کے بلند درجات اور مغفرت کیلئے دعائیں کیں۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پرغیر قانونی چھاپوں اور گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورمطالبہ کیا کہ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر ایم کیوایم کے سیاسی ، جمہوری، آئینی ، انسانی اور قانونی حقوق کی پامالی کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے23فروری کو اسکیم 33یونٹ 33-Aکے کارکن سید مختار حسین ولد منور حسین ، 24فروری کو نارتھ کراچی کے کارکن نعیم احمد قریشی ولد بشیر احمد قریشی ، لانڈھی سیکٹرکے محمد سلیم خانزادہ ولد محمد عثمان ، لیاقت آباد سیکٹر کے ندیم احمد ولد انصار احمد ، 25فروری کو ڈیفنس کلفٹن سیکٹر کے عبد الکلیم ولد عبد الکریم ، 26فروری کو لیاری سیکٹرکے محمد طاہر ریحان ولد محمد انور، قصبہ علی گڑھ سیکٹر کے ذیشان الدین ولد نور الدین ، پی ایس او سی نارتھ کراچیکےمحمد امجد خان ولد شیر حمان ، لانڈھی سیکٹر کے فیروز احمد خان ولد فضل احمد خان ، 27فروری کو کورنگی سیکٹرکے نصر اللہ ولد محمد سرور ، پی ایس او سی کورنگی یونٹ 6کے وسیم اختر ولد سلیم اختر ، نارتھ کراچی سیکٹرکے عمران مہتاب ولد مہتاب الدین ، 28فروری کو نارتھ کراچی کے فرحت جمیل ولد سید جمیل نقوی جبکہ یکم مارچ کو محمود آبادکےثاقب ولد سعید میر اور فہد اقبال ولد محمد اقبال کو ان کی رہائشگاہوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کرکے گرفتار کرلیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کے عوام ایم کیوایم کو ہر انتخابات میں ووٹ دیکر اعتماد کااظہار کرتے چلے آئے ہیں لیکن یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ ایک منظم سازشی منصوبہ بندی کے تحت ایم کیوایم کو ہی شہر میں امن وامان اور خونریزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے جس کو جواز بنا کر ایم کیوایم کے کارکنان کے گھروں پر بلاجواز چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، وزیرد اخلہ چوہدری نثار ، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ کارکنان کے گھروں پر بلاجواز چھاپہ مار کارروائیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایم کیوایم کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کیاجائے ۔

مزید خبریں :