03 مئی ، 2012
اسلام آباد… سرکریک تنازع کے حل کی کوششوں اور سیکریٹری داخلہ کی سطح پر پاک بھارت مذاکراتی عمل کا نیا دور رواں ماہ منعقد ہوگا ، پاکستان نے کہاہے کہ وہ امریکا سے بھی معاملات کا باہمی قابل قبول حل چاہتا ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوزبریفنگ میں کہاکہ سر کریک پر پاک بھارت مذاکرات 14 سے 16 مئی تک دہلی میں ہوں گے، پاک بھارت سیکریٹریز داخلہ کے مذاکرات 24 اور 25 مئی کو اسلام آباد میں ہوں گے، ترجمان نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ اپنے قومی مفاد کے مطابق لڑ رہا ہے، ہم امریکا سے تمام معاملات پر باہمی طور پر قابل قبول حل چاہتے ہیں، ڈرون حملوں کے ایشو پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، یہ حملے، غیرقانونی، منفی نتائج کے حامل اور ناقابل قبول ہیں۔