03 مئی ، 2012
اسلام آباد… صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی قرارداد منظور ہونے پر اتحادی جماعتوں، سیاسی قیادت اور عوام کو مبارک باد کے پیغامات دیئے ہیں ۔ صدر آصف زرداری نے قومی اسمبلی سے اعتماد کی قرارداد منظور ہونے پر وزیراعظم گیلانی کو مبارک باد کا پیغام دیا ہے۔ وزیراعظم نے صوبہ جنوبی پنجاب کی قرارداد ، قومی اسمبلی سے منظور ہونے پر سیاسی قیادت کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے اور خود پر اعتماد کیلئے قومی اسمبلی کی قرارداد پر بھی اظہار تشکر کیا ہے، وزیراعظم گیلانی نے اتحادی قائدین الطاف حسین، چودھری شجاعت حسین، اسفندیارولی خان اور منیراورکزئی سے بھی رابطہ کیا ہے ، انہوں نے اتحادی قائدین کو صوبہ جنوبی پنجاب کی قرارداد کیلئے حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے، وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے عوام کے نام اپیل میں کہاہے کہ نئے صوبہ کی قرارداد منظور ہونے پر پروقار انداز میں جشن منایاجائے۔