17 مارچ ، 2015
کراچی.......پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ میں خواتین کا عالمی دن منایا گیا جس میں کمپنی کی کامیابی میں خواتین ملازمین کے کردار کو سراہا گیا۔ اس سال خواتین کا عالمی دن کچھ کر دکھائیں کے عنوان سے منایا گیا۔اور یہ اجاگر کیا گیا کہ کس طرح خواتین مختلف چیلینجز کا سامنا کرتے ہوئے کچھ بھی کرنے کا حوصلہ رکھتی ہیں،جسکی وجہ سے وہ ہر شعبے میں ترقی کر رہی ہیں۔اس موقع پر میجر جنرل ریٹائرڈ شاہدہ بادشاہ اور ڈی آئی جی ہیلنا اقبال سعیدتقریب کی خصوصی مہمان تھیں۔ پی ٹی سی ایل کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر سید مظہر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل ملازمت میں یکساں مواقع فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔ کمپنی اپنی خواتین ورکرز کو نہایت اہمیت کا حامل سمجھتی ہے،کام کرنے کے حوالے سے بہترین ماحول کے باعث پی ٹی سی ایل خواتین کے کام کرنے کے لیے ترجیحی جگہ بن چکی ہے۔دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ بے شک ہم نے کافی ترقی کی ہے تا ہم ابھی بھی ملک میں خواتین کی صلاحیتوں کو صحیح طور پر نہیں سمجھا جا سکا ہے۔ خواتین کومزید سخت محنت کرنا ہو گی، پاکستان سمیت پوری دنیا میں کوئی ملک ایسا نہیں جہاں خواتین کو یکساں حقوق مل رہے ہوں۔ ایسی تقریبات کو خواتین کو با اختیار بنانے اور صنفی یکسانیت کے لیے ایک موقع سمجھنا چاہئے ۔ ایک معاشرے کی حیثیت سے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ خواتین کو ہر جگہ مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔تقریب میں معا شرے کی ترقی کے لیے خواتین کے مثبت کردار کو سراہا گیا اور کمپنی کی ترقی میں پی ٹی سی ایل کی خواتین ورکرز کے کردار کا اعتراف کیا گیا۔بعدازاں سید مظہر حسین کی جانب سے مہمانوں کو تحائف پیش کیے گئے۔