17 مارچ ، 2015
کراچی.......سید محمد عسکری/اسٹاف رپورٹر....... صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کراچی اور اندرون سندھ کے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو سے الحاق لینے کی باقاعدہ اجازت جاری کردی ہے جس کا ڈپٹی سکریٹری فضیلت مہدی نے نوٹی فیکشن جاری کردیا ہے۔ نوٹی فیکشن میں پی ایم ڈی سی کے 30ستمبر 2014کے نوٹی فیکشن کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کا جامعہ کراچی، جامعہ سندھ جامشورو اور پبلک سکیٹر کی ان تمام جامعات سے الحاق منسوخ کردیا تھا جن کے پاس اپنا میڈیکل کالج نہیں تھا۔ ڈپٹی سکریٹری فضیلت مہدی کے جاری کردہ نوٹی فیکشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی کی حدود میں قائم تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز اب جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی سے جب کہ اندرون سندھ کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز اب لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو سے الحاق مانگیں گے جس کی باقاعدہ اجازت وزیر اعلیٰ سندھ نے دیدی ہے۔ نوٹی فیکشن میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کے سربراہوں کو ہدایت بھی کی ہے کہ وہ تمام نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو قوائد و ضوابط کے تحت اؒلحاق دینے میں تعاون کریں۔ دلچسپ امر یہ ہے صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعہ کراچی سے الحاق شدہ بلدیہ عظمیٰ کے میڈیکل کالج کے ایم ڈی سی کے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے حالانکہ پی ایم ڈی سی کے نوٹی فیکشن کا اطلاق نجی و سرکاری دونوں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز پر ہوتا ہے۔ دریں اثنا جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر نے کہا ہے کہ کسی بھی نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالج کا جامعہ کراچی سے الحاق ختم نہیں ہوگا ، ہم پی ایم ڈی سی کو شرائط کو پورا کررہے ہیں جامعہ کراچی دو ماہ کے اندر اپنا میڈیکل کالج قائم کردے گی 150 بستروں پر مشتمل اسپتال جامعہ کراچی کو مل گیا ہے جب کہ جامعہ کے اند واقع کڈنی سینٹر میں ایم بی بی ایس کی کلاسیں شروع کردی جائیں گی۔اساتذہ کے تقرر کے لئےآئندہ ماہ اشتہارات جاری کردئے جائیں گے۔