21 مارچ ، 2015
کوئٹہ......مچھ جیل کی انتظامیہ نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کی پھانسی کی نئی تاریخیں مقررکرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے جس پر فیصلہ منگل تک دیئے جانے کا امکان ہے ۔مچھ جیل کے حکام نے صولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ دوبارہ جاری کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو درخواست بھجوائی ہے جو عدالت کو موصول ہوگئی ہے ، درخواست میں صولت مرزا کی پھانسی کی نئی تاریحی مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے، صولت مرزا کو انیس مارچ کی صبح پھانسی دیئے جانے کے ڈیتھ وارنٹ جاری ہوچکے تھے، لیکن اٹھارہ مارچ کی شب صولت مرزا کا ویڈیو بیان سامنے آگیا جس میں انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کی اعلی قیادت پر الزام لگایا کہ الطاف حسین کی ہدایت پر انہوں نے کے ای ایس سی کے ایم ڈی کو قتل کیا ، اس بیان سے ہلچل مچ گئی اور رات گئے صدارتی حکم جاری ہوا کہ صولت مرزا کی پھانسی 72 گھنٹوں کے لیے موخر کردی جائے، یہ بہتر گھنٹے آج رات ختم ہورہے ہیں اور کل صبح صولت مرزا کو پھانسی دی جاتی لیکن ہفتہ وار تعطیل اور پھر پیر کو تيئس مارچ کی چھٹی کے باعث یہ پھانسی 24 مارچ تک موخر ہوگئی ، اسی دوران وزارت داخلہ نے سفارش کردی ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی نوے دن کے لیے موخر کردی جائے، اس ساری صورتحال میں نئی ہدایات کے لیے مچھ جیل کی انتظامیہ نے صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ کے لیے عدالت کو خط لکھا ہے۔