22 مارچ ، 2015
کراچی........سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ ملک میں مڈ ٹرم الیکشن یا جلد انتخابات ہونے کا اندیشہ ہے جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ کو نچلی سطح تک لیجا کر ملک میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ کراچی کے نجی ہوٹل میں پرویز مشرف کے زیر صدارت آل پاکستان مسلم لیگ کی سی ای سی اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ اس موقع پر سابق صدر نے کہا کہ تنظیم سازی کے بغیر جماعت نامکمل ہے لیکن تنظیم سازی نچلی سطح تک کرنی ہے اگر جماعت کو ملک گیر سطح تک لے کر جانا ہے اور بلدیاتی انتخابات میں تنظیم سازی کی وجہ سے حصہ لیں گے۔پرویز مشرف نے ا نکشاف کیا کہ تین سال حکومت کے مکمل ہوتے ہی انتخابات ہوں گے جبکہ مڈ ٹرم انتخابات بھی ہوسکتے ہیں اور عبوری حکومت بھی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کو خطرہ لاحق ہے، انکے دور میں انکے پاس جادو کی چھڑی نہیں تھی لیکن ایمانداری سے ریسورسس استعمال کیے جس سے ملک نے ترقی کی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ سیاسی طور پر میری کسی کے ساتھ برابری کرنا میری توہین ہے۔ ملک میں تیسری قوت کی ضرورت بات کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ ملک کو تیسری قوت چاہیے ۔تبدیلی کے حق کے عناصر کو جمع کرکے ساتھ لانا ہے جبکہ عمران خان تیسری قوت کی کوشش کررہے ہیں، انہیں مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ حکومت میں تبدیلی نظام میں تبدیلی کے ساتھ لانی ہے۔