22 مارچ ، 2015
سکھر......سکھر ٹول پلازہ پرمسافر وین میںگیس سلینڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی،شادی میں جانے والے بچے اور خواتین سمیت تمام افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔حادثہ اس وقت ہوا جب گھوٹکی سےآنے والی وین ٹول پلازہ سے سکھر شہر میں داخل ہورہی تھی ۔ اس دوران گیس سلینڈر پھٹ گیا اور آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم وین میں موجود بچوں اور خواتین سمیت بائیس مسافر پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وین سےباہر نکل آئے۔فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس نے آگ پر قابو پایا ۔ وین میں سوار افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے گھوٹکی سے سکھر آرہے تھے۔