پاکستان
23 مارچ ، 2015

یوم پاکستان پراسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار مشترکہ پریڈ

یوم پاکستان پراسلام آباد میں مسلح افواج  کی شاندار مشترکہ پریڈ

اسلام آباد...... یوم پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چھ سال کے وقفے کے بعد تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں کی شاندار مشترکہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا اور شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔یوم پاکستان کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے چاق وچوبند دستوں کی جانب سے دارالحکومت اسلام اباد میں شاندار پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے جبکہ تقریب میں وزیر اعطم نواز شریف،آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ خان سمیت اعلی سول و فوجی حکام بھی شریک ہوئے۔تقریب کا آغاز مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین کو پاک فضائیہ کی جانب سے سلامی سے ہوا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان نے ایف سولہ طیاروں کی قیادت کرتے ہوئے صدر کو سلامی پیش کی جس کے بعد میراج،اواکس اور ساب طیاروں کی فارمیشنز نے بھی شاندار فلائی پاسٹ پیش کیاجبکہ پہلی بار فلائی پاسٹ میں نیول ایوی ایشن کے پی تھری سی اورین طیاروں نے بھی شرکت کی۔شاندار فلائی پاسٹ کے بعد مارچ پاسٹ کا آغاز ہوا تو پورا پریڈ گرانڈ نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا ۔فرنٹیئر کور، پنجاب رینجرز، پاکستان پولیس،پاکستان آرمی کی خواتین کے دستے نے پروقار انداز میں سلامی پیش کی، بعد میں الخالد ٹینک اور الضرار ٹینک نے بھی خصوصی سلامی پیش کی، آخر میں آرمڈ فورسز کے ایس ایس جیز نے فری فال کا مظاہرہ بھی کیا۔

مزید خبریں :