23 مارچ ، 2015
کراچی ......ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے” یوم قرارداد پاکستان“ کے موقع پرتمام پاکستانیوں کو دلی مبارک باد پیش کی اور کہا ہے کہ آج پاکستان کو مختلف سمتوں سے اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے اور ایسے میں قرار داد پاکستان کی اصل روح کے مطابق ایک جمہوری و متوازن معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے اور ملک میں بسنے والے تمام افراد کو بلا امتیاز انکے حقوق فراہم کئے جائیں ۔ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ایم کیوایم قرار داد پاکستان کے مطابق ملک و قوم کو فرسودہ جاگیردارانہ نظام سے نجات دلانا چاہتی ہے ، ایم کیو ایم پاکستان میں پر امن و آزاد خیال معاشرے کی خواہ ہے جہاں ہر مذہب ، زبان، عقیدے ، مسلک کے ماننے والے کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کی آزادی ہو اور سب ایک دوسرے کا احترام کریں ۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ موجود ہ حالات میں نوجوان نسل کو چاہئے کہ وہ قرارداد پاکستان کی اصل روح کا مطالعہ کرکے پاکستان میں پر امن معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک کو دنیا میں روشن خیال و ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں کھڑا کیا جاسکے۔