دنیا
27 مارچ ، 2015

حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں25افراد ہلاک50 سے زائد زخمی

حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں25افراد ہلاک50 سے زائد زخمی

صنعا ......یمن میں سعودی عرب اور اتحادی ممالک کی حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں پچیس افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔سعودی فضائیہ دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے جبکہ باغی اینٹی ایئرکرافٹ مشین گنوں سے جوابی حملے کر رہے ہیں۔ ایسے میں دارالحکومت صنعا دھماکوں سے گونج رہاہے۔ یمنی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر ان حملوں کے مطلوبہ نتائج نکلتے ہیں اور حوثی باغیوں کی پیش قدمی رک جاتی ہے تو یہ بمباری گھنٹوں میں رک سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے کہ اگر فضائی حملے باغیوں کی پیش قدمی نہ روک سکے تو کیا عرب رہنما زمینی فوج یمن بھیجنے پر تیار ہوں گے یا نہیں۔سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے جاری رہیں گے لیکن وہ ابھی وہاں زمینی فوج بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔دوسری جانب یمن میں حوثی باغیوں کی عدن کی جانب پیش قدمی کے بعد فرار ہونے والے یمنی صدر منصور ہادی ریاض پہنچ گئے ہیں۔ وہ وہاں سے مصر میں عرب لیگ کے اجلاس میں شرکت کرنے جائیں گے۔ادھر ایران نے یمن میں حوثی قبائل کے خلاف فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک’خطرناک قدم‘ قرار دیا جبکہ ترکی نے کہا ہے کہ ایران علاقے میں غلبہ حاصل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔

مزید خبریں :