کاروبار
25 جنوری ، 2012

نئی دہلی میں پاکستانی و بھارتی وزرائے پٹرولیم کی ملاقات

نئی دہلی میں پاکستانی و بھارتی وزرائے پٹرولیم کی ملاقات

نئی دہلی…بھارت اور پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ترکمانستان سے گیس کی درآمد کے لئے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان بھارت سے پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی تجویز پر بھی غور کرے گا۔ بھارت کے وزیر پٹرولیم ایس جے پال ریڈی اور ان کے پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر عاصم حسین کی ملاقات نئی دہلی میں ہوئی ، جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد جے پال ریڈی نے کہا کہ بات چیت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ پائپ لائن منصوبے کے لئے افغانستان کے ساتھ ٹرانزٹ فیس کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان مشترکہ حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔ بھارتی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ جو بھی سمجھوتہ طے پائے گا اس کا دونوں ملکوں پر یکساں اطلاق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے پٹرولیم مصنوعات درامد کرنے کی تجویز پر بھی غور کرے گا۔ جے پال ریڈی کا کہنا تھا کہ افغانستان کو بھی گیس پائپ لائن منصوبے میں گہری دلچسپی ہے اور وہ پائپ لائن کی حفاظت کا وعدہ کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان بھارت گیس پائپ لائن منصوبہ پس پشت ڈال دیا گیا ہے، بھارت وہ کرے گا جس میں زیادہ آسانی ہو۔ بھارتی وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ ان کا ملک ایران سے تیل درآمد کررہا ہے اور یورپی یونین کی جانب سے ایران پر عائد کی گئی نئی پابندیوں پر عمل کرنے کا پابند نہیں ہے۔

مزید خبریں :