30 مارچ ، 2015
اسلام آباد......پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا ہےکہ کراچی کی تباہی میں الطاف حسین کا بہت بڑا ہاتھ ہے،وہ ولی خان بابر ، زہرہ حسین کے قاتل ہیں، تحریک انصاف کی تر جمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان کاکہنا ہےکہ قوم الطاف حسین کی دہشتگردی کے خلاف کھڑی ہوچکی ہے،وقت آ گیا ہے کہ الطاف حسین قوم کو حساب دیں۔شیریں مزاری نے طنزیہ طور پر کہا کہ الطاف حسین سیاست چھوڑ کر فلم میں ولن کا کردار کریں،وہ جو زبان قوم کی ماؤں اوربیٹوں کیلئے استعمال کرتےہیں وہ شرمناک ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی میرپورآزاد کشمیرکی طرح نائن زیروسےبھی ضمنی انتخاب جیتے گی اور کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائے گی،کراچی سے ظلم کی تاریک رات ختم ہونے کو ہے،تاجروں اور صحافیوں کو دھمکیاں ملنا ایم کیو ایم کا طرہ امیتاز ہے۔شیریں مزاری نے سوال کیا کہ نائن زیروآپریشن کےبعدٹارگٹ کلنگ کاخاتمہ کس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے۔