پاکستان
25 جنوری ، 2012

یورپی یونین : پاکستان سے تعلقات کیلئے پانچ سالہ منصوبے کی منظوری

یورپی یونین : پاکستان سے تعلقات کیلئے پانچ سالہ منصوبے کی منظوری

برسلز … یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات قائم کرنے کے لئے 5 سالہ منصوبے کی منظوری دیدی۔یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا اجلاس برسلز میں ہوا جس میں منصوبے کی منظوری دی گئی۔ منصوبے کے تحت یورپی یونین پاکستان کے ساتھ مشترکہ اقدار، اصولوں اور وعدوں کی بنیاد پر امن و ترقی کیلئے پارٹنر شپ کے ذریعے اسٹریٹیجک تعلقات قائم کرے گی۔ اجلاس کے بعد وزرائے خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 5 سالہ منصوبہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کے اداروں اور سول سوسائٹی کی حمایت کا اظہار ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو مستحکم جمہوریت کی طرف اپنا سفر مکمل کرنا چاہئے اور جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کے لئے کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے۔ یورپی یونین پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی چیلنجز پر قابو پانا، پاکستانی عوام کو سیکیورٹی فراہم کرنا چاہتی ہے، اس سلسلے میں یورپی یونین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی چیف کیتھرین ایشٹن اپنے مجوزہ دورہ پاکستان میں اس 5 سالہ منصوبے کی بنیاد پر اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا آغاز کریں گی۔

مزید خبریں :