01 اپریل ، 2015
اسلام آباد......حکومت اور پاکستان تحریک انصاف نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے معاہدے پردستخط کردیئے ہیں،اس حوالے سے بدھ کی شب حکومت کی طرف سے وفاقی وزیرخزانہ سینٹر اسحاق ڈارنے دستخط کیے،جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے جہانگیر ترین نے دستخط کیے۔اس موقع پرپریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ جلد از جلد آرڈیننس جاری ہوجائے،انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم جرگے کی کوششوں کو سراہتے ہیں،آرڈیننس سے متعلق تمام پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا،دستخط سے پہلے یہ معاہدہ تمام سیاسی جماعتوں کو بھجوایا گیا ،اب ہمیں آگے بڑھنا ہے،دونوں طرف سے خلوص کا مظاہرہ کیا گیا،انھوں نے کہا کہ معاہدہ 7 صفحات پرمشتمل ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک نےمعاہدے پربطورگواہ دستخط کیے، پی ٹی آئی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں ملک کو شفاف انتخابات کا ڈھانچہ دینا ہے،2013 کے انتخابات کی تحقیقات ہوگی،کمیشن کے نتائج سے اصلاحات کا موقع ملے گا،انتخابات پرعوام کا اعتماد بڑھے گا،شاہ محمود نے مزید کہا کہ حکومت اور لیگل ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہیں،آج جو معاہدہ ہوا ہے اس کی روح کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کےلیے طویل نشستیں ہوئیں۔