دنیا
03 اپریل ، 2015

سوڈان و یمن جنگی صورتحال: یورپی ایوی ایشن کی فضائی کمپنیوں کو ہدایت

سوڈان و یمن جنگی صورتحال: یورپی ایوی ایشن کی فضائی کمپنیوں کو ہدایت

پیرس.....رضا چوہدری..... فرانس کی ہدایات کی روشنی میں ای اے ایس اے نے یورپی فضائی کمپنیوں کے پائلٹوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوڈان اور جنوبی سوڈان کی فضائی حدود میں پرواز کرتے ہوئے طیاروں کو چوبیس ہزار فٹ کی بلندی پر اڑائیں۔ جنوبی سوڈان میں گذشتہ پندرہ ماہ سے خانہ جنگی جاری ہے۔ فروری میں متحارب جنگجو گروپوں کے درمیان جنگ بندی ہوئی تھی، لیکن اس کے باوجود انھوں نے ہتھیار نہیں پھینکے ہیں اور ان کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یمن کی فضائی حدود میں پروازوں سے گریز کریں۔ یورپی ریگولیٹرز کی جانب سے یہ ہدایت یمن میں حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے فضائی حملوں کے بعد کی گئی ہے۔ یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے فرانسیسی ریگولیٹرز کے بعد اپنی فضائی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ دوران پرواز یمن کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے گریز کریں۔ تاہم ای اے ایس اے نے یورپی یونین کے رکن اٹھائیس ممالک کی فضائی کمپنیوں پر یمن کی فضائی حدود میں پروازوں پر براہ راست پابندی عائد نہیں کی ہے، مگر انھیں کہا ہے کہ وہ فرانسیسی فیصلے کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ واضح رہے کہ یہ ایجنسی یورپی یونین کے تمام رکن ممالک میں شہری ہوابازی کو ریگولیٹ کرتی ہے۔ یورپی یونین کے غیر رکن ملک ترکی کی ملکیتی ترکش ائیرلائنز نے قبل ازیں استنبول سے یمن کے لیے اپنی پروازیں پانچ اپریل تک معطل کردی ہیں۔ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے گذشتہ ہفتے یمن کے لیے امریکی فضائی کمپنیوں کی تمام پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔

مزید خبریں :