دنیا
03 اپریل ، 2015

اسپین میں عوامی تحریک کی ممبر شپ کے لائحہ عمل کا اعلان

 اسپین میں عوامی تحریک کی ممبر شپ کے لائحہ عمل کا اعلان

بارسلونا.......شفقت علی رضا.......پاکستان عوامی تحریک اسپین کے صدر محمد اقبال چوہدری اور ایگزیکٹو باڈی کی پریس کانفرنس میں عوامی تحریک کے کارکنوں کو بارسلونا کے ساتھ ساتھ ا سپین کے ان تمام شہروں میں ممبرز بنانے کی ہدایت کی گئی جہاں پاکستانیوں کی زیادہ تعداد مقیم ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک اسپین کے صدرمحمد اقبال چوہدری نے پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ا سپین میں مقیم پاکستانیوں کی کل تعداد کا 70فیصد بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں مقیم ہے، لہٰذا ہم نے عوامی تحریک کا باقاعدہ آغاز بارسلونا سے کیا اور بنائی جانے والی ایگزیکٹو باڈی کی حلف برداری کے لئے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی بارسلونا تشریف لائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوامی تحریک کے لئے بارسلونا میںممبر شپ کا آغاز کر دیا ہے اور 12اپریل سے اسپین کے دوسرے شہروں اوسپتالیت، لگرونیو، ویلنسیا،علی کانتے، تراسا، مانریسا، بادالونا، سانتا کلوما، بے سوس مار، ثارا گوثا، قرطبہ، غرناطہ کا دیس میں بھی ممبر شپ کا آغاز کیا جا رہاہے۔ محمد اقبال چوہدری نے پاکستانی اردو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانی تارکین وطن پاکستان میں رہنے والوں سے زیادہ اپنے دل میں ملک و قوم کی محبت رکھتے ہیں اور اپنی محنت کی کمائی پاکستان کے خزانے میں زرمبادلہ کی مد میں بھیجتے ہیں، اس لئے عوامی تحریک اپنے پلیٹ فارم پر ان پاکستانیوں کو اکھٹا کرے گی جو ملک میں سسٹم کی تبدیلی کے خواہاں ہیں۔اسپین میں دوسری پاکستانی سیاسی جماعتوں سے ہماری کوئی لڑائی نہیں ہوگی اور نہ ہی منہاج القرآن کا کوئی فنڈ یا چندہ عوامی تحریک کے پلیٹ فارم پر استعمال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بارسلونا میں ممبر شپ کی تعدادکے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی نے عوامی تحریک کی بہت حوصلہ افزائی کی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یورپ میںبسنے والے پاکستانی اب حقیقت میں ملک میں سسٹم کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ عوامی تحریک اسپین کے دوسرے عہدیداران کا کہنا تھا کہ فی الحال ممبر شپ فری ہے لیکن حالات کے مطابق اگرمستقبل میں ممبر شپ فیس لینے کا کوئی لائحہ عمل تیار کیا گیا تو وہ پریس کانفرنس میں بتادیا جائے گا۔

مزید خبریں :