25 جنوری ، 2012
اسلام آباد … نیب بورڈ نے پارلیمنٹیرینز ہاوٴسنگ اسکیم اسلام آباد کے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد متاثرین کو بقیہ رقم دلوانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ چیئرمین نیب ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری کی زیرصدارت نیب کے بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ سینیٹر ایاز خان مندوخیل کی جانب سے متاثرین میں 5 کروڑ 50 لاکھ روپے دئے جاچکے ہیں اور انہوں نے احتساب عدالت کو درخواست کی ہے ان کے اثاثے چھوڑ دئے جائیں تاکہ وہ متاثرین میں بقیہ رقم بھی جلد تقسیم کرسکیں۔ بورڈ نے پنجاب بینک اسکینڈل میں سیٹھ نثار کی طرف سے ایک ارب ساڑھے تین کروڑ روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ہے۔ نیب بورڈ نے سڑک کی ناقص تعمیر کے ذمہ دار ٹھیکیدار حاجی شریف اللہ کی پلی بارگین کی درخواست کی بھی منظوری دیدی ہے۔ اجلاس میں پنجاب لیکوڈیشن بورڈ اور ریلوے میں بدعنوانی کے ذمہ دار تین افراد کے خلاف ریفرنسز اور سابق وزیر لیاقت جتوئی سمیت 8 افراد کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دی ہے۔