04 اپریل ، 2015
لندن.......بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹوکی تربیت میرے خون میں شامل ہے،وہ میرے نانا تھےجنہیں آج ہی کے دن قتل کیا گیا تھا،جس یونیورسٹی میں میرے نانا نے تعلیم حاصل کی اسی ادارے میں، میں نے تعلیم حاصل کی۔لندن میں بلاول بھٹوزرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کی تقسیم کے بعد بھٹو نے پاکستان کو دوبارہ مستحکم کیا،میں ذو الفقار علی بھٹو کا ویژن دیکھنا چاہتاہوں،بھٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی کو صحیح معنوں میں قومی جماعت بنایا،عالمی منظر نامے پر بھی بھٹو انتہائی ذہین تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سسٹم کو درست کرنا ہےاور یہی بھٹو کی جدو جہد رہی،انہو ں نے 1948ء میں طالبعلم کی حیثیت سے اسلام کی مضبوطی کیلئے مقالہ پیش کیا،بھٹو نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکالا،بھٹو کے بعد بہت سی اصلاحات ختم کر دی گئیں۔۔بلاول بھٹوزرداری کا مزید کہنا تھاکہ میری والدہ نانا کا مشن لے کر آگے بڑھیں ،بینظیر نے جمہوریت اور اسلام کے پیغام کے لیے جان قربان کی،پاکستان کو ترقی کی طرف لے جانے کیلئے دہشت گردی اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کی ضرورت ہے، پاکستان کا چہرہ جنرل ضیا الحق یا اسامہ بن لادن نہیں ۔