06 مئی ، 2012
لاہور… جنوبی ایشیا میں امن کیلئے جنگ گروپ اور ٹائمز آف انڈیا کی مشترکہ کاوش ”امن کی آشا“ کے سلسلے میں دو روزہ پاک بھارت اقتصادی کانفرنس ”DIVIDENDS“کل لاہور میں شروع ہوگی، کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت سے ممتاز صنعتکار اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد لاہور پہنچ گیا۔ کانفرنس کا افتتاح کل صبح وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کریں گے کانفرنس کے کل چھ سیشن ہوں گے جن سے وزیر اعظم کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف، وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پاکستان میں بھارت کے ہائی کمشنر شرت سبھروال، بھارت میں پاکستان ہائی کمشنر شاہد ملک، امریکا میں پاکستان کی سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی، اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹرعشرت حسین ، ڈیسکون کے چیئرمین رزاق راؤ، میاں محمد منشا، سیکرٹری تجارت ظفر محمود خطاب کریں گے بھارتی وفد کی قیادت کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے صدر اور گودریج گروپ کے چیئرمین روی گودریج کر رہے ہیں ۔کانفرنس کا افتتاحی سیشن کا آغاز کل صبح 9بجے تلاوت کلام پاک سے ہوگا۔ منیجنگ ڈائریکٹر جنگ گروپ شاہ رخ حسن اور ٹائمز آف انڈیا گروپ کے چیف مارکیٹنگ آفیسر راہول کنسال خطبہ استقبالیہ دیں گے۔