25 جنوری ، 2012
راولپنڈی … ڈھوک فرمان علی کی رہائشی لڑکی نے پولیس اہلکاروں کے گھر میں گھسنے پر چھری پھیر لی جسے تشویشناک حالت میں بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کوریج کے لئے جانے والی جیو نیوز کی ٹیم کو اسپتال انتظامیہ اور سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ جیو نیوز کے نمائندہ ارشاد قریشی کے مطابق جب وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ متاثرہ لڑکی کی کوریج کے لئے اسپتال پہنچے تو اسپتال انتظامیہ اور سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں نے ہمیں کوریج سے روکا اور لاتوں اور مکوں کی بارش کردی، حملہ آوروں نے جیو نیوز کے کیمرا مین کا کیمرا بھی توڑ دیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس متاثرہ لڑکی کو اسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر ڈسچارج کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ دوسری جانب متاثرہ لڑکی کے بھائی جنید نے الزام عائد کیا ہے کہ تھانہ وارث خان کے سب انسپکٹر مظہر حسین سمیت 4 اہلکار گھر میں گھسے اور میری بہن سے زیادتی کی کوشش کی۔ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ثناء نامی خاتون کے گھر سے شراب برآمد ہوئی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ثناء کے گلے پر 3 کٹ لگے ہیں، ٹانکے لگادیئے گئے تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔