07 مئی ، 2012
لاہور ... جنگ گروپ اور ٹائمز آف انڈیا کی مشترکہ کاوش "امن کی آشا"کے سلسلے میں لاہور میں آج سے دو روزہ پاک بھارت اقتصادی کانفرنس شروع ہو رہی ہے۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارتی وفد واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گیا۔ پاک بھارت اقتصادی کانفرنس کا عنوان"Dividends"رکھا گیاہے۔ جس میں شرکت کے لئے بھارتی صنعت کاروں اور دیگر شرکا کا 30 رکنی وفد واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا۔ جنگ گروپ کے ایم ڈی شاہ رخ، امین ہاشوانی اور دیگر نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمانوں کی آمد کے موقع پر ڈھول بجائے گئے اور پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔ کانفرنس میں ممتاز پاکستانی اور بھارتی کاروباری شخصیات، صنعتکار، حکومتی عہدیدار اور سیاسی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے 6 سیشن ہوں گے۔ افتتاحی سیشن سے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر، وزیر تجارت مخدوم امین فہیم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ممتاز صنعتکار اور اقتصادی ماہرین اس کانفرنس کو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے کیلئے انتہائی اہمیت دے رہے ہیں۔