13 اپریل ، 2015
راچی........ہوٹل کے کمرے اور مکان کرائے پر دینے والے خبردار ہوجائیں، سندھ اسمبلی نے کرائے داروں کی اطلاع پولیس کو دینے کا بل منظور کرلیا ہے۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ہوا۔ سندھ اسمبلی نے پیر کو عارضی ساکنان (کرایہ داروں اور مہمانوں)کے بارے میں پولیس کو بروقت اطلاع دینے کے بارے میں ایک بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا، جس کے تحت کوئی مکان کرایہ پر دینے کے بعد مالک مکان، پراپرٹی ڈیلر اور کرایہ دار پابندہوں گے کہ وہ 48گھنٹے کے اندر اس بارے میں پولیس کو اطلاع دیں جبکہ ہوٹل، ہاسٹل، سرائے اورگیسٹ ہاوٴس کے مالکان یا منیجر صرف 3گھنٹوں کے اندر مہمانوں کی آمد سے متعلق پولیس کو اطلاع دینے کے پابند ہوں گے۔ قانون پر عمل نہ کرنے والوں کو 6ماہ تک قید اور کم از کم 10ہزار اور زیادہ سے زیادہ 45ہزار روپے جرمانے کی سزا دی جائے گی۔ صوبائی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھروکا کہنا تھا کہ بل جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف قومی ایکشن پلان کا حصہ ہے۔ ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ نے بل میں کئی ترامیم پیش کیں جومسترد کردی گئیں اور بل کوکثرت رائے سے منظورکرلیا گیا۔ اجلاس کے دوران پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ترمیمی بل 2015ء اور اے او پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف آرتھوپیڈک سائنسز بل 2015ء بھی منظور کر لیا گیا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسٹریٹ چلڈرنزکے عالمی دن کے موقع پر ان کی فلاح اور بحالی کے لیے قرارداد منظور کر لی گئی جبکہ خیرپورکی تحصیل فیض گنج میں سوئی گیس کی عدم فراہمی اور لاڑکانہ سے نیشنل بینک کا زونل آفس سکھر منتقل کرنے کے خلاف قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔ اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے کہا کہ 40روز غیرحاضررہنے والا آئین کے مطابق رکن نہیں رہتا، قانون کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان اب رکن سندھ اسمبلی نہیں رہے۔جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ اس معاملے پر ان کی رولنگ آ چکی ہے، جس پر بحث نہیں ہو سکتی۔ بعد میں اجلاس منگل کی صبح تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔