07 مئی ، 2012
لاہور… لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال نے پنجاب حکومت سے جواب طلب کیا ہے کہ ادویات ری ایکشن سے ہونے والی اموات جیسے واقعات کی آئندہ روک تھام کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ اس سلسلے میں12 جون کو عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔ محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی تھی کہ ادویات کے ری ایکشن سے اموات کی وجوہات کو منظر عام پر لاکر ذمہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی اور اس معاملہ کو دبایا جارہا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس حوالے سے جوڈیشل کمیشن کارروائی کر رہا ہے۔ اس کی رپورٹ کا بھی انتظار کرلیا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر عدالت کو یہ بھی بتایا جائے کہ جوڈیشل کمیشن نے جو سفارشات کی ہیں ان پر کیا عمل کیا گیا۔