18 اپریل ، 2015
کراچی .......چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ این اے 246 میں الیکشن سے فیصلہ ہوگا کہ کراچی کا مستقبل کیا ہے، 30سال پہلے ملک کی ساری تحریکیں کراچی سے جنم لیتی تھیں، شہر کے اُس کردار کو محدود کردیا گیا، رینجرز والے پولنگ والے دن خوف کی فضا نہ بننے دیں، یقینی بنائیں کہ لوگ آزادانہ ووٹ ڈال سکیں۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے این اے 246 کے حوالے سے کراچی میں ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر دیگررہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ 23 اپریل کا الیکشن پورے پاکستان میں اہمیت کا حامل ہے،کل کے جلسے کی ملک بھر میں اہمیت ہے، ایک نشست ہارنے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا،کراچی کے تاجرشہرکو چھوڑ کربنگلادیش اورملائیشیا جارہے ،ہم کراچی کے لوگوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم لوگوں کو ووٹ دینا کا موقع دے، خوف نہ پھیلائے،الیکشن جیتنے کے لیے پورا زورلگائیں گے،حالات ایسے ہی رہے تو کراچی کا کوئی مستقبل نہیں،ضمنی الیکشن ایک نشست کیلئے نہیں ملک کے مستقبل کیلئے لڑرہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ سمیت تمام جماعتیں شورمچارہی ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی،دنیا بھر میں میچ نیوٹرل امپائر سے کھیلے جاتے ہیں، جوڈیشل کمیشن ہماری بڑی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے بات ہوئی لیکن لگتا ہے وہ بھی میچ کھیلنا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے، الیکشن کمیشن کی بھاری ذمے داری ہے کہ وہ ان انتخابات کو متنازع نہ بنائے، عمران اسماعیل ڈنڈے پڑنے اورحملے ہونے کے باوجود ڈٹے رہے،عمران اسماعیل کوکراچی کے لوگوں کا خوف ختم کرنے پرمبارکباد دیتا ہوں۔ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی اگلی سماعت میں زبردست تیاری کے ساتھ جارہے ہیں،جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین نے کہا ہے کہ سارا مواد فراہم کیا جائے، جوڈیشل کمیشن کی اگلی سماعت میں سب کچھ ساتھ لے جارہے ہیں۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کے حق میں امیدوار دستبردار کرا دیا،ان سے کیا ووٹ مانگیں۔