25 جنوری ، 2012
لاہور…وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ منصور اعجاز کو جس طرح ڈرا دھمکا کر پاکستان آنے سے روکا گیا اس سے ثابت ہو گیا کہ دال میں کچھ کالا نہیں پوری دال ہی کالی ہے۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میمو اسکینڈل میں حکومت اپنے کسی جرم کو چھپا رہی ہے واشنگٹن بھی میمو اسکینڈل میں وفاقی حکومت کی مدد کر رہا ہے۔ اسمبلی کی قرارداد پر عمل درآمد کرنا حکومت کے لئے ضروری نہیں ہوتا قرارداد میں قابل اعتراض آنے کے بعد اس کا تعلیمی اداروں میں میوزیکل کنسرٹ سے کوئی تعلق نہیں رہا کیونکہ تعلیمی اداروں میں عام طور پر قابل اعتراض کنسرٹ نہیں ہوتے۔ جعلی ادویات کے معاملے پر وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔