22 اپریل ، 2015
سڈنی .....آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 3 روز سے مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کئی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں،گزشتہ روز کنٹری ٹاؤن میں سیلاب کے باعث مکان پانی میں بہنے سے3 افراد ہلاک ہو ئے۔سڈنی میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں نے تباہی مچائی ہوئی ہے ، 3 روز سے جاری بارشوں نے سیلاب کی صورت اختیار کر لی ہے۔سمندر میں طغیانی ہے، سڈنی میں موجود مینلی ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے سے رہائشیوں کو محفوظ مقام پر کسی بھی وقت نقل مکانی کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، طوفان کے باعث چلنے والی ہواؤں کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ حکام کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد سے بلند ہونے پر بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے، 4 مکانات سیلابی پانی میں بہہ گئے،اس موسمی صورتحال کے باعث کئی اسکول بند کر دیئے گئے جبکہ سڈنی ایئر پورٹ پر پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔