پاکستان
23 اپریل ، 2015

کراچی ضمنی انتخاب،ووٹرز کی دلچسپی،پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہےگا

کراچی ضمنی انتخاب،ووٹرز کی دلچسپی،پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہےگا

کراچی.......کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246میں پولنگ کا عمل شروع ہوا تو عوام کی بڑی تعداد اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ ڈالنے گھروں سے نکل پڑی۔ کہیں تمام امور خیر خوبی سے انجام پاتے رہے تو کہیں عوام کو مشکلات کابھی سامنا کرنا پڑا۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح آٹھ بجے سے شروع ہوگئی۔ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات تھے۔ ووٹنگ کاعمل شروع ہوا تو ووٹرز نے دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صبح کے اوقات میں ہی اپنے حق رائے دہی کااستعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا۔ خواتین کو کہیں کہیں ووٹ ڈالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کسی کو اپنا پولنگ اسٹیشن ڈھونڈنے میں دقت ہوئی تو کہیں ووٹنگ عمل تاخیر سے شروع ہونے کے باعث ووٹرز کو انتظار کرناپڑا۔پولنگ اسٹیشنز پرجہاں کچھ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتو وہیں شہریوں کی اکثریت انتظامات سے مطمئن بھی نظر آئی۔ کئی نے تو نے ووٹ ڈالتے ہی وکٹری کانشان بنا کر خوشی کااظہار بھی کیا۔صوبائی الیکشن کمشنر تنویر ذکی کا کچھ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ عمل شروع نہ ہونے سے متعلق خبروں پر کہنا تھا کہ تمام اسٹیشنز پر پریزائیڈنگ آفسرز سے پولنگ شروع ہونے کی تصدیق کرلی ہے ۔ حلقے میں پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

مزید خبریں :