23 اپریل ، 2015
جھنگ........جھنگ میں رنگ روڈ پر ایک ٹرک بے قابو ہوکر گھر میں جا گھسا ۔ حادثے میں 7 بہن بھائی جاں بحق جبکہ والدین سمیت دو بچے زخمی ہوگئے ۔جھنگ کے ایک غریب خاندان پر رات گئے وہ قیامت بیت گئی،جو اس کنبے کے کسی فرد نے ،کبھی تصور بھی نہ کی تھی۔ریسکیو اہلکار جس مٹی کو کھود رہے ہیں،یہاں کل تک ایک کمرے کا مکان ہوا کرتا تھا،جس میں محنت کش رضوان،اپنے اہل و عیال کے ساتھ زندگی کی گاڑی کھینچ رہا تھا ۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ، سبزی سے بھرا ایک ٹرک بے قابو ہوا،ہو سڑک سے اتر کر مکان میں جا گھسا۔ایک کمرے کا مکان،ملبے کا ڈھیر بن گیا،ریسکیو اہلکاروں نے رضوان،اس کی اہلیہ اور دو بچوں کو تو فوری طور پر نکال لیا، لیکن اس کے بعد،ملبے سے ایک کے بعد ایک صرف لاشیں ہی برآمد ہوئیں۔خونی حادثہ،7 بہن بھائیوں کی زندگیاں نگل گیا ۔ سوئے ہوئے بچے ،ابدی نیند سوگئے۔ المناک حادثے نے ہر شخص کو غمگین کردیا۔زخمی والدین اور بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔ والد غم سے نڈھال ہے تو ماں اپنے جگر کے ٹکڑوں کو کھونے کے بعد ہوش و حواس کھو بیٹھی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ مگر اپنے سامنے اپنے بچوں کو موت کی آغوش میں دیکھنے والی ماں کو مطلوب ہیں، تو بس اپنے بچے۔