پاکستان
27 اپریل ، 2015

پی ٹی آئی ن لیگ کے ووٹوں پر شک کا اظہار کر رہی ہے :چیف جسٹس پاکستان

پی ٹی آئی ن لیگ کے ووٹوں پر شک کا اظہار کر رہی ہے :چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد .........چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی مسلم لیگ ن کو ملنے والے ووٹوں پر شک کا اظہار کر رہی ہے اور ساری مشق اسی کے لیے ہے۔مسلم لیگ ن کے وکیل شاہد حامد کا کہنا ہے کہ عوامی رائے کی چوری آئین سبوتاژکرنا ہے اس طرح یہ آرٹیکل 6 کا کیس بھی بنتا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کی تیسری کارروائی بھی اوپن کورٹ میں ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے وکیل شاہد حامد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق نے اپنے بیان میں اعلیٰ عدلیہ سے لے کر نیچے تک سب پر الزام لگا دیا ہے۔ ق لیگ کہتی ہے کہ ایم آئی، آئی ایس آئی، آئی بی اور ایف آئی اے حاضر سروس ججز کی تفتیش کریں، یہ عدلیہ کی توہین کے مترادف ہے۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس ناصر الملک نے کہا یہ محض تجاویز ہیں ہم اس کا جائزہ لیں گے۔ مسلم لیگ ن کے وکیل شاہد حامد نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں تسلیم کیا ہے کہ 2013ءکے انتخابات میں اسے 76لاکھ جب کہ مسلم لیگ ن کو ایک کروڑ 40لاکھ سے زائد ووٹ ملے،یہ 70لاکھ ووٹوں کا فرق ہے کوئی معمولی نہیں۔ چیف جسٹس پاکستان ناصر الملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مسلم لیگ ن کو ملنے والے ووٹوں پر شک کا اظہار کر رہی ہے، ووٹوں کے فرق پر ہی شبہ ظاہر کیا جارہا ہےاور ساری مشق اسی کے لیے ہے۔ شاہد حامد کا کہنا تھا کہ عام انتخابات سے متعلق دھرنوں میں جو تاثر دیا گیا، دولت مشترکا اور یورپی یونین کی رپورٹس اس کے برعکس ہیں۔ اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم تاثر نہیں حقائق کو دیکھیں گے۔ پی ٹی آئی کے وکیل حفیظ پیرزادہ نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی بات کی تو چیف جسٹس ناصرا لملک نے کہا کہ اگر کمیشن خود صورتحال کو سنبھال نہ کرسکا تو پھر اس بارے میں سوچیں گے۔ پیپلز پارٹی کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر کوئی جماعت پولنگ بیگز کھولنے سے متعلق ان کی تجویز کی مخالفت کرے گی تو اس کا مطلب ہو گا کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔کمیشن نے بی این پی عوامی کی استدعا پر2دن میں الیکشن کمیشن سے بھی جواب طلب کر لیا۔تحریک انصاف کے وکیل حفیظ پیر زادہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ا ور ن لیگ نے اتفاق کیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی کارروائی 45 دن میں مکمل ہو، اس پر جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کیا آپ سمجھتے ہیں کہ 45 دن میں یہ ممکن ہے۔ کمیشن کی مزید کارروائی اب 29مئی کو دن ساڑھے 11بجے ہو گی۔

مزید خبریں :