05 مئی ، 2015
ڈیلس.......راجہ زاہداخترخانزادہ.......امریکی ریاست ٹیکساس کےشہر گارلینڈ میں نبی کریم ﷺکی شان میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے باہر فائرنگ کے نتیجہ میں دو افراد ہلاک اورسیکیورٹی اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق امریکاکی ایک غیر سرکاری تنظیم امریکن فریڈم ڈیفنس انسٹیٹیوٹ کی جانب سےآزادی اظہار کی آڑ میں گستاخانہ خاکوں نمائش منعقد کی گئی جس کی تیاریاں مہینوں سے جاری تھیں،نمائش کا انعقاد عین اسی جگہ کیا گیا جہاں کچھ عرصہ قبل مسلمانوں نے ایک نمائش کا انعقادجس کا عنوان’’ نبی ﷺ کے ساتھ کھڑے رہو‘‘کیا تھا۔نمائش میں آن لائن گستاخانہ خاکوں کے مقابلے میں کے فاتح کودس ہزار ڈالرزدیئے جانے تھے نمائش ابھی جاری تھی کہ ایک کار میں دو مسلح افرادنے ایک سیکیورٹی اہلکار کو پولیس اہلکار سمجھ کر اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا،اس موقع پرپولیس نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئےجوابی کارروائی میں کار میں سوار دونوں افراد کو ہلاک کردیا۔واقعے کے بعد پولیس نے نمائش کے شرکاکوباہر نکالا،جبکہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی شناخت ابھی نہیں بتائی گئی۔پولیس نے کار کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے کار کی تلاشی بھی لی گئی۔متنازع نمائش میں ڈنمارک کے سیاست دان گیرٹ ولڈز اور اسلام مخالف مہم چلانے والے مقررین کو تنظیم کی صدر پامیلا گیلرنے خصوصی طور پر مدعو کیا تھا۔نمائش میں نعرے بھی لگائے گئے جس میں کہا گیا کہ مسلمان یہ سر زمین چھوڑ دیں اور اپنے ساتھ امریکی صدر باراک حسین اوباما کو بھی ساتھ لے جائیں۔متنازع نمائش کے انعقادپر مقامی مسلمان تنظیموں نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی تھی کہ نمائش کے انعقاد پر کسی قسم کاکوئی رد عمل یا احتجاج کا اظہار نہ کیا جائے۔واقعے کے بعد مسلمان تنظیموں نے واقعے پر اظہار تشویش کرتے ہو ئےواقعے کی مزمت کی ہے۔واقعے کی امریکی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے تحقیقات کاآغاز کر دیا گیا ہے۔ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا اس حوالے سےکہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات جا ری ہیں جبکہ اس پہلو سے بھی تحقیقات ہورہیں کہ حملہ کیوں کر کیا گیا۔نمائش کے شرکا کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ غیر متوقع تھا،ہم یہ توقع کر رہے تھے کہ صرف احتجاج کیا جائے گا۔متنازع نمائش کے باہر فائرنگ سے قبل نمائش کی مہمان خصوصی گیرٹ ولڈز جو اسلام مخالفت میں عالمی شہرت رکھتی ہے نے کہا کہ ہم آزادی اظہار کے لئے اسلام مخالفت میں کھڑے ہیں،اور دنیا بھی میں سب سے زیادہ دہشت گرد مسلمان ہیں۔نمائش کے موقع پر سیکیورٹی کے لئےچالیس اضافی پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے،اس مد میں امریک غیر سرکاری تنظیم امریکی فریڈم انسٹیٹیوٹ کی جانب سے دس ہزار ڈالرز کی بھی ادائیگی کی گئی۔