09 مئی ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں نااہلی کا ذکر تک نہیں، نااہلی کا عمل شروع ہوگا تو دیکھا جائے گا جبکہ نذر گوندل کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ایسا ہے جیسے پھانسی کی سزا پہلے ہو اور جرم بعد میں بتایا جائے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزراء نے مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی راجا پرویز اشرف عدلیہ کے احترام کی بات کرتے ہوئے طنزیہ طور پر یہ بھی کہنے لگے کہ فیصلہ اس وقت آیا جب وزیراعظم اہم ترین دورے پر بیرون ملک تھے اور اس پر وہ عدالت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے میں نااہلی کا ذکر تک نہیں، میڈیا کا ایک سیکشن فیصلے کی غلط تشریح کررہا ہے۔ وفاقی وزیر نذر گوندل نے کہا کہ عدالت نے نظریہ ضرورت کے تحت فیصلہ دے کر ملزم کو سنا تک نہیں، 3 بار وزیراعظم کو بلایا گیا لیکن ایک بار بھی نہ پوچھا کہ انہوں نے عدلیہ کی تضحیک کی یا نہیں۔