09 مئی ، 2012
راولپنڈی … پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ان کا اتحاد مسلم لیگ نواز یا تحریک انصاف کسی سے بھی ہوسکتا ہے، فیصلہ 13 اگست کے جلسے میں کریں گے۔ لال حویلی راولپنڈی میں کشمیری رہنماء یاسین ملک کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کاکہنا تھا کہ عام انتخابات سے پہلے وہ پاکستان مسلم لیگ نواز یا پاکستان تحریک انصاف میں سے کسی ایک سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد کر سکتے ہیں تاہم وہ فیصلہ 13 اگست کے جلسے میں کریں گے۔ پاک بھارت تعلقات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور پانی کا مسئلہ حل کئے بغیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات زیادہ دیر تک پرامن نہیں رہ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو پرتشدد ہونے سے پہلے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ جو شخص ساری زندگی چوہے مار گولی نہیں بنا سکا، اْس کو 500 کلو ایفیڈرین کوٹہ کیسے دے دیا گیا۔ اس موقع پر یاسین ملک کا کہنا تھا کہ 2008ء سے 2010ء تک کی کشمیریوں کی جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کی جدوجہد اسپانسرڈ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات بہتر ہونے سے خطے میں امن قائم ہوگا لیکن پہلے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ضروری ہے۔ یاسین ملک نے واضح کیا کہ کشمیر کی قیادت کو شامل کئے بغیر کوئی بھی حل کشمیریوں کو قابل قبول نہیں۔