09 مئی ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ میں مطالبات کے حق میں آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے دھرنے میں شریک مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کردی جبکہ 60 سے زائد اساتذہ کو حراست میں لے لیا گیا۔ کوئٹہ میں آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اساتذہ نے شاوکشاہ روڈ پر اپنے دفتر سے آج دوپہر احتجاجی ریلی نکالی تھی، ریلی کے شرکاء مارچ کرتے ہوئے کوئٹہ کے زرغون روڈ اور پرنس روڈ پر ہاکی چوک پہنچے جہاں سے انہوں نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ جانے کی کوشش کی، تاہم انہیں وہاں جانے سے روک دیا گیا۔ مظاہرین کا دھرنا رات گئے تک جاری رہا تو کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر مظاہرین کے پاس مذاکرات کیلئے آئے، انہوں نے مظاہرین کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے ان سے کچھ وقت مانگا تاہم اساتذہ کے نمائندوں نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا، جس پر کچھ دیر بعد وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کردی جس پر مظاہرین میں بھگدڑ مچ گئی اور زیادہ تر مظاہرین منتشر ہوگئے، اس دوران پولیس نے 60 سے زائد مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا۔