27 مئی ، 2015
اسلام آباد......وزیراعظم کی زیر صدارت اقتصادی راہداری منصوبے پر کل جماعتی کانفرنس کل دوبارہ ہوگی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اقتصادی راہداری منصوبے پر تمام صوبوں کو اعتماد میں لینے کے لیے کل جماعتی کانفرنس جمعرات کو صبح 11بجے پرائم منسٹر ہاؤس میں ہو رہی ہے، اس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کےمرکزی رہنما، سابق صدر آصف علی زرداری، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وفاقی کابینہ کے سینئر ارکان شریک ہوں گے۔ کانفرنس کےانعقاد سےپہلےحکومت نے اقتصادی راہداری منصوبے پرسیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اسفند یار ولی،مولانا فضل الرحمان،شاہ محمود قریشی،محمود خان اچکزئی اور آفتاب شیر پاؤ سے رابطہ کیا ہے،بلوچستان کے رہنماؤں سے وزیر اعظم خود رابطے میں ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اے این پی کے اسفند یار ولی کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی سے ملاقات پر تحفظات تھے تاہم وہ جمعرات کو اے پی سے سے پہلے صبح اسفند یار ولی کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر ملنےپر راضی ہوگئے ہیں۔ ادھرمعلوم ہوا ہے کہ حکومت کی طرف سے لابنگ کے باجود بعض سیاسی جماعتیں اے پی سی میں اقتصادی راہداری منصوبے پر کھل کر تحفظات کااظہارکریں گی۔