پاکستان
27 مئی ، 2015

سوات کی روبینہ آسیہ بلدیاتی انتخابات میں جیت کیلئے پرعزم

سوات کی روبینہ آسیہ بلدیاتی انتخابات میں جیت کیلئے پرعزم

سوات.......سوات سے تعلق رکھنے والی روبینہ آسیہ موتمن بلدیاتی الیکشن میں ضلع و تحصیل کونسل کی جنرل نشست پر الیکشن لڑ رہی ہیں،ایک ایسا علاقہ جہاں خواتین ووٹ بھی کم ہی ڈالتی ہیں وہاں خواتین کا انتخاب لڑناچونکا دینے والی بات ہے،روبینہ کا عزم ہے کہ وہ خواتین کے مسائل حل کرنے کے لئے کام کریں گی۔ وادی سوات میں بلدیاتی الیکشن کیلئے ضلع بھر کی 67 یونین کونسلوں سے ضلع کونسل و تحصیل کونسل کیلئے جہاں مرد امیدوار میدان میں ہیں وہیں تحصیل مٹہ سے تعلق رکھنے والی 23سالہ روبینہ آسیہ موتمن بھی ضلع و تحصیل کونسل سے جنرل سیٹ پر امیدوار ہیں۔ روبینہ کہتی ہیں کہ وہ پسماندہ علاقے سے تعلق رکھتی ہیں جہاں خواتین کا گھروں سے نکلنا معیوب سمجھا جاتا ہے، الیکشن لڑنے کا فیصلہ خواتین کے حقوق کی آواز اٹھانے کیلئے کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں ایک تعلیم یافتہ خاندان سے تعلق رکھتی ہوں، میرے والدین، میرے بہن بھائی مجھے سپورٹ کرتے ہیں اور میں اپنے قوم کیلئے کچھ کرنا چاہتی ہوں چاہے اس میں میری جان چلی جائے، میں خواتین کی حقوق کیلئے کام کروںگی ۔ روبینہ مستقبل میں ملکی سطح پر عملی سیاست میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اُن کے والد موسیٰ خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود بھی کئی دفعہ آزاد امیدار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا ہے اور انہیں روبینہ کے انتخا بات میں حصہ لینے پر کوئی اعتراض نہیں،روبینہ کو ہر قسم سپورٹ فراہم کرتا ہوں۔ بینظیر بھٹو اور دیگر خواتین سے متاثر ہوں، چاہتا ہوں کہ میری بیٹی قوم کیلئے کچھ کر دکھائے۔ روبینہ آسیہ موتمن نے اردوادب میں ماسٹر کیا ہے،گھر کے کام کاج کے ساتھ ساتھ وہ بھر پور طریقے سے الیکشن مہم بھی چلارہی ہیں، جس میں ان کو خاندان کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔ بلدیاتی الیکشن لڑنے والی روبینہ آسیہ موتمن کا کہنا ہے کہ علاقے کی خواتین کی خدمت کرنا ان کا مشن ہے اور اسی جذبے نے انہیں الیکشن لڑنے کا حوصلہ دیا ۔

مزید خبریں :