پاکستان
27 مئی ، 2015

سندھ میں 6 لاکھ اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری

سندھ میں 6 لاکھ اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری

کراچی.......وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبے بھر میں جاری کئے گئے 6 لاکھ اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار ہے۔ سندھ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس کے دوران آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے امن و امان سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سانحہ صفورا گوٹھ میں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔سندھ کابینہ کو محکمہ داخلہ کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں جاری کئے گئے اسلحہ لائسنسوں کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہے، حکومت سندھ کی جانب سے لائسنس رکھنے والے افراد کو بار بار ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اسلحہ لائسنس تصدیق کے بعد کمپیوٹرائز کرائیں لیکن صرف 4 لاکھ لائسنس کمپیوٹرائز کرائے گئے۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ہدایت کی کہ جو اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائز نہیں کرائے گئے اُنہیں منسوخ کردیا جائے۔ وزیر بلدیات سندھ شرجیل میمن نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات اس سال ستمبر میں کروانے کو تیار ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے تاریخ کے اعلان کے منتظر ہیں۔ محکمہ خزانہ کے حکام نے سندھ کابینہ کو مالی سال 2015ء اور مالی سال 2016ء کے بجٹ کی تیاری سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

مزید خبریں :