10 مئی ، 2012
کراچی … وزیر اطلاعات سندھ شازیہ مری نے کہا ہے کہ نواز شریف ضیاء الحق کے دور میں کیے گئے گناہوں کی قوم سے معافی مانگیں، 12 مئی کو کمو شہید کا جلسہ پاکستان میں غیر جمہوری قوتوں کیلئے وارننگ ثابت ہوگا۔ سندھ سیکریٹریٹ بلڈنگ کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سندھ سے مسلم لیگ نواز میں وہ لوگ شامل ہورہے ہیں جن کا ووٹ بینک نہیں۔ وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ ممتاز بھٹو سندھ میں قوم پرست سیاست کے علمبردار بنتے تھے اب انہوں نے اپنی جماعت مسلم لیگ نواز میں ضم کردی، جس سے ممتاز بھٹو کا اصل چہرہ فاش ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آزادی کے تحفظ، حقوق کے دفاع اور جمہوریت کی بقا کیلئے 12 مئی کو کمو شہید کے جلسے میں بھرپور جمہوری قوت کا مظاہرہ کرے گی۔